فائل فوٹو
فائل فوٹو
استنبول (انٹرنیشنل ڈیسک) پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب نے مشرقِ وسطی کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چاروں ممالک نے امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
استنبول میں وزرائے خارجہ کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں اسرائیلی قبضے کو خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا۔
فلسطین میں دو ریاستی حل پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ چاروں ممالک نے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کی۔
اس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس بنانے کا اعادہ کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازع کا حل صرف مذاکرات سے ممکن ہے۔
غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی بحالی پر زور دیا گیا۔ سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کی گئی۔
بحیرہ احمر اور باب المندب میں تجارتی جہازوں پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ چاروں ممالک نے یمن کی حکومت اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔


