لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قزاقوں کو تاوان دینے کی بات نہیں مانی جاسکتی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنے پاکستانی ملاحوں کی واپسی کو چار ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ممکن نہیں بنایا جاسکا۔
اسحاق ڈار کے مطابق ملاحوں کے اہل خانہ تاحال پریشان ہیں، اس لیے یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کے تحت مغویوں کو تاوان دے کر رہا نہیں کرایا جاسکتا، اگر قزاقوں کو اس طرح پیسے ملنا شروع ہوگئے تو وہ یہی کام جاری رکھیں گے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ قزاقوں کے ہاتھوں پھنسے 10 پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم ان کی تفصیلات فی الحال نہیں بتائی جاسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ کسی بھی طریقے سے ملاحوں کو رہا کرایا جائے۔


