اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس سے دیرپا امن کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔
اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔ ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان تنازع، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے درکار اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جو تنازع کے جامع حل کی جانب پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ کے مطابق ایران کے صدر نے کھل کر اپنی حکومت کا مؤقف اور خدشات پیش کیے، جبکہ متعلقہ امور پر تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات اہم پیشرفت کے ساتھ انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت مستقبل میں مزید مثبت اقدامات کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔


