لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صاف پانی اتھارٹی کے خصوصی اجلاس میں صوبے کے 5,734 واٹر فلٹریشن پلانٹس جون 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف دیا ہے۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو پلانٹس کی کارکردگی اور دیکھ بھال کی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں گلی محلوں کے پلانٹس کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں عوامی کمیٹیاں بنانے اور ہر تحصیل میں مرمت و بحالی کے لیے پلمبر اور دیگر تکنیکی عملے پر مشتمل موبائل مینٹیننس یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ ہوا۔
چکوال، راجن پور اور راولپنڈی کے زیادہ متاثرہ علاقوں کے لیے لاسٹ مائل واٹر سپلائی منصوبے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے چکوال میں 256 کلومیٹر اور راجن پور میں 1,780 کلومیٹر کی واٹر سپلائی سکیموں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔


