نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے باہر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی آمد اور خطاب کے موقع پر شدید احتجاج ریکارڈ کیا گیا۔ مظاہرین نے اسرائیلی حکومت اور فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ اقوام متحدہ کے باہر اسرائیلی وزیراعظم کے پتلے کو پھانسی پر بھی لٹکادیا گیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق اس احتجاج کے دوران مظاہرین نے پلاسٹک کے بنے خنزیر کے سر کو بھی اٹھا رکھا تھا جس پر نیتن یاہو کی عرفیت بی بی درج تھی۔ احتجاج کے شرکا نے اسرائیل کو نازی ازم سے تشبیہ دینے والی علامتی تصاویر بھی دکھائیں۔ مظاہرے کے اگلے حصے میں خون آلود چادروں میں لپٹی بچوں کی گڑیوں کے ذریعے غزہ میں بچوں کی ہلاکتوں کی علامتی منظرکشی کی گئی۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں ایران، غزہ، حماس، قطر اور ترکیہ سمیت اسرائیل کے ناقدین پر سخت تنقید کی اور غزہ میں اسرائیل پر عائد نسل کشی کے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔


