کراچی (صورتِ حال، ہیلتھ ڈیسک) صوبائی وزیر لائیواسٹاک محمد علی ملکانی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جانوروں میں لمپی اسکن بیماری کے پھیلاؤ کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ میں ہائی الرٹ جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ صوبائی وزیر کی ہدایت پر محکمہ لائیواسٹاک سندھ نے حفاظتی اقدامات تیز کرتے ہوئے پنجاب سے سندھ آنے والے جانوروں کی اسکریننگ، ویکسینیشن اور قرنطینہ لازمی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ محمد علی ملکانی نے کہا کہ سندھ کے لائیواسٹاک شعبے کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی غفلت کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ کے سرحدی اضلاع میں داخل ہونے والے ہر جانور کی اسکریننگ اور ویکسینیشن ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ متاثرہ جانوروں کو صوبے میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ ڈی جی لائیواسٹاک ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو کی ہدایت پر سندھ کے داخلی راستوں پر نگرانی اور قرنطینہ کے انتظامات کیے جارہے ہیں جبکہ کشمیر، گھوٹکی اور گڈو میں فوری طور پر کیمپ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


