اسلام آباد (بیورو رپورٹ، صورتِ حال، DESK) صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں سیف سٹی کیمروں اور سرویلنس انفراسٹرکچر کے تحفظ اور انہیں پہنچنے والے نقصان کی تلافی سے متعلق آرڈیننس کی منظوری دے دی۔ نئے قانون کے تحت سیف سٹی کیمروں یا دیگر سرویلنس انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے، اس پر اکسانے یا اس کی ترغیب دینے پر 20 لاکھ روپے تک مالی جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق آرڈیننس کی منظوری وزیر اعظم کی ایڈوائس پر دی گئی ہے۔ آرڈیننس کے مطابق جلسے، جلوس، دھرنے، احتجاج، ہڑتال یا کسی اجتماع کے دوران سیف سٹی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کی صورت میں اس کے منتظمین کو بھی نقصان کا ذمہ دار قرار دیا جا سکتا ہے۔ جرمانے یا نقصان کی تلافی کی رقم کا تعین مجاز افسر کی جانب سے متعلقہ شخص کو شنوائی کا موقع دینے کے بعد کیا جائے گا جبکہ اس فیصلے کے خلاف 30 دن کے اندر اپیل کا حق حاصل ہوگا۔


