نیویارک (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) – بھارت ریاستی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی میں ملوث ہے اور پاکستان اس کی بھاری قیمت ادا کر چکا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی کونسلر صائمہ سلیم نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سمیت دہشت گرد گروہوں کی مالی معاونت کرتا ہے۔ پاکستان نے اس حوالے سے تمام شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔صائمہ سلیم نے واضح کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر نہ ماضی میں بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، نہ ہے اور نہ کبھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جہاں کے عوام اپنے بنیادی حقوق اور حق خودارادیت سے محروم ہیں۔ مزید برآں، بھارت میں ہندوتوا نظریے کو ریاستی پالیسی بنایا جا رہا ہے اور اقلیتوں کے خلاف امتیازی رویے بڑھ رہے ہیں۔پاکستانی سفارتکار نے مزید کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان خطے میں امن، باہمی احترام اور مذاکرات کے لیے پرعزم ہے۔ صائمہ سلیم نے خبردار کیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنا بھرپور دفاع کرے گا تاہم وہ جنگ کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہتا۔


