فائل فوٹو
فیصل آباد (نیوز ڈیسک) فیصل آباد کے علاقے تھانہ صدر جڑانوالہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا ریکارڈ یافتہ ملزم عمیر عرف عمیری ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر ایک شہری سے رقم چھینی اور فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تعاقب کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دیگر تین ساتھی فرار ہو گئے۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت 76 رب رسول پور کے رہائشی عمیر عرف عمیری کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم مبینہ طور پر بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا رکن تھا اور اس کے خلاف مختلف شہروں میں ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر سنگین نوعیت کے تقریبا 50 مقدمات درج تھے۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


