راولپنڈی: کویت کے اعلیٰ سطح کے وفد نے وزارت دفاع راولپنڈی میں وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے کی، جبکہ کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی وفد کے ہمراہ تھے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعلقات، سکیورٹی تعاون اور دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور کویت کے درمیان ’’پروٹوکول معاہدہ 2026‘‘ پر دستخط کیے گئے۔
وزارت دفاع کے مطابق نئے معاہدے سے ’’دفاعی تعاون معاہدہ 2023‘‘ کے تحت قائم عسکری تعاون کے موجودہ فریم ورک کو وسعت اور تقویت ملے گی۔ معاہدے کے تحت پاک افواج کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کریں گی، جن میں تربیت، استعداد کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر شعبے شامل ہیں۔
وزارت دفاع کے مطابق معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کا عکاس ہے۔ دونوں جانب سے باہمی سلامتی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔


