فائل فوٹو
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران 1979 سے امریکا کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ہزاروں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ہے۔ ٹیکساس میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران کئی دہائیوں سے برسرپیکار ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران پر ہزاروں امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق امریکی رہنمائوں کو کئی دہائیوں قبل ایران کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے دعوی کیا کہ سابق رہنماؤں میں اس طرح کی کارروائی کرنے کی ہمت یا دانش مندی نہیں تھی۔
خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی دعوی کیا کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر یہ اشارہ بھی دیا کہ اس اہم آبی گزرگاہ کا نام تبدیل کرکے آبنائے ٹرمپ رکھا جا سکتا ہے۔


