لاہور ڈیسک (این این آئی) خلیجی ممالک میں کشیدگی کے باعث پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن ایک بار پھر متاثر ہو گیا ہے۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے دیگر ایئرپورٹس سے سعودی عرب، بحرین، دبئی اور دیگر ممالک جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ اور گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے جدہ اور ریاض جانے والی سات سے زائد پروازوں کو سعودی عرب کے دیگر ایئرپورٹس پر لینڈنگ کرائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اکیس پروازیں منسوخ جبکہ متعدد پروازیں تین سے دس گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہی ہیں۔ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پرواز سے متعلق تازہ معلومات ضرور حاصل کریں۔


