وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی جاری مختلف پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود اور ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ بینش فاطمہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محکمہ بلدیات کے تمام انتظامی افسروں میں اضلاع کی ذمہ داریاں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ ہر افسر تفویض کردہ اپنے ضلع کا ہفتے میں کم از کم ایک بار لازمی دورہ کرے۔ محکمہ بلدیات کو متعدد بڑے منصوبوں کی نگرانی سونپی گئی ہے جن کا تیرہ کروڑ عوام کے ساتھ براہ راست تعلق ہے۔
وزیر بلدیات نے زور دیا کہ افسران دیہات تک صفائی کا نظام مزید بہتر بنانے کے لیے اچانک دورے کریں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے اچانک دوروں کے لیے خصوصی پروفارما بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی واٹس ایپ گروپس میں تصویری شواہد لازمی شیئر کیے جائیں۔


