کراچی (این این آئی) میر رضا علی خان کی موت کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن نے اپنی انکوائری رپورٹ سندھ حکومت کے حوالے کردی۔ رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری جاوید ابڑو نے کمیشن کے رجسٹرار عبد الماجد سے وصول کی۔
ذرائع کے مطابق چار جلدوں پر مشتمل اس رپورٹ میں واقعے کے شواہد اور گواہوں کے بیانات شامل ہیں۔ اس رپورٹ کے مندرجات سامنے آنے سے میر رضا کی موت کے قتل یا خودکشی ہونے کا تعین متوقع ہے۔
ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ جاوید ابڑو نے کہا کہ عدالتی کمیشن کی کارروائی کھلی عدالت میں ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ رپورٹ کو جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ اب سندھ حکومت کرے گی۔
جسٹس عمر سیال کے کمیشن نے 27 اگست سے کام شروع کرکے 7 اکتوبر کو کارروائی مکمل کی تھی۔ اس دوران 15 سماعتیں ہوئیں اور رپورٹ میں 49 افراد کے بیانات شامل کیے گئے۔


