لاہور میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زون میں کیمل ملک پاؤڈر مینوفیکچرنگ پلانٹ کیلئے زمین فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
ای ایل سی بائیو ٹیکنالوجی پرائیویٹ لمیٹڈ کے سربراہ اٹلی سے وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ کمپنی کے چیئرمین احتشام الحق نے بتایا کہ پلانٹ کیلئے چار ایکڑ اراضی درکار ہے۔
مشینری کی درآمد کا آرڈر دیا جا چکا ہے اور اگلے چھ ماہ میں پہنچ جائے گی۔ خشک دودھ سعودی عرب، مشرق وسطی اور دیگر ممالک کو برآمد کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کمپنی کو درکار اراضی فراہمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اجلاس میں سی او او فیڈمک قرأت العین، ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد اور سی او او پیڈمک علی معظم نے شرکت کی۔


