اسلام آباد (این این آئی) بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری کے لیے شریک ٹیموں کی آمد کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ یہ بین الاقوامی ویمنز ٹینس چیمپئن شپ 21 سے 24 اکتوبر 2026 تک پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
پاکستان کی ٹینس تاریخ میں پہلی مرتبہ اس معتبر بین الاقوامی چیمپئن شپ کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔ مالدیپ اور ایران کے بعد کویت کی قومی ٹینس ٹیم بھی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
اس ایونٹ میں آٹھ ممالک بحرین، بھوٹان، ایران، اردن، کویت، مالدیپ، پاکستان اور قطر کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر ایسام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل کرنل ضیا الدین طفیل نے شریک ٹیموں کے وفود کا استقبال کیا۔
پی ٹی ایف قیادت نے کہا کہ اس مقابلے کی میزبانی خواتین کی ٹینس کے فروغ کے لیے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے پی ٹی ایف کمپلیکس میں جامع انتظامات کر رہی ہے۔


