انٹرنیشنل ڈیسک — جنوبی امریکی ملک پیرو کے دارالحکومت لیما کے ہوائی اڈے پر اڑان بھرنے سے قبل مسافر طیارے کے انجن کے قریب آگ لگ گئی۔
جارج شاویز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لیٹم ایئرلائنز کا طیارہ شمالی شہر پیورا جانے کے لیے روانگی کی تیاری کر رہا تھا۔ تکنیکی خرابی کے باعث بائیں انجن اور پر سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے۔
ایئرلائن نے مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر انہیں فوری طور پر طیارے سے اتارنے کا فیصلہ کیا۔ ہوائی اڈے کے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
متاثرہ پرواز کا نمبر ایل اے 2302 تھا اور مسافروں کے لیے متبادل پرواز کا انتظام کیا گیا۔ حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تکنیکی جانچ کی جائے گی۔


