انٹرنیشنل ڈیسک۔ امریکی ریاست ورجینیا میں ایک خاتون شوہر کے تحفے سے کروڑ پتی بن گئی۔
قسمت آزمائی کے دوران خاتون نے ورجینیا لاٹری انعام میں 5 لاکھ 77 ہزار 777 ڈالر جیت لیے۔
رپورٹس کے مطابق ورجینیا کے علاقے بیڈفورڈ کانٹی کے ایک شخص نے دو لاٹری ٹکٹ خریدے۔ اس نے دونوں ٹکٹ اپنی اہلیہ کو تحفے میں دے دیے تھے۔
خاتون نے جب ان ٹکٹوں کو کھرچ کر دیکھا تو ایک ٹکٹ پر سب سے بڑا انعام نکل آیا۔
اس انعامی رقم کی مالیت 5 لاکھ 77 ہزار 777 ڈالر ہے جو پاکستانی کرنسی میں 16 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ ورجینیا لاٹری حکام سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ شوہر کا تحفہ ان کے لیے خوش قسمتی کا باعث بنا۔
انعامی رقم خرچ کرنے سے متعلق سوال پر خاتون نے بتایا کہ وہ رقم کا کچھ حصہ سیاحت پر خرچ کریں گی۔ واضح رہے کہ لاٹری حکام نے اس خوش قسمت جوڑے کے نام ظاہر نہیں کیے ہیں۔


