اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — مشین ریڈیبل پاسپورٹس کی جگہ ای پاسپورٹس کے لازمی اجراء کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ملک بھر میں مشین ریڈیبل پاسپورٹ کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اب اس نئے نظام کا باضابطہ آغاز تیئیس اکتوبر دو ہزار چھبیس سے کیا جائے گا۔
نئی پالیسی کے تحت تیئیس اکتوبر سے پاکستان بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز سے صرف ای پاسپورٹس جاری ہوں گے۔ قبل ازیں ای پاسپورٹس کے لازمی اجرا کے لیے سولہ اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
پرانے مشین ریڈیبل پاسپورٹس کا اجراء اور تجدید بائیس اکتوبر تک جاری رہے گی۔
امیگریشن حکام نے شہریوں کو واضح کیا ہے کہ اس تاریخ سے پہلے جاری ہونے والے تمام مشین ریڈیبل پاسپورٹ اپنی میعاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے۔ جن شہریوں کے پاس درست ایم آر پی پاسپورٹ موجود ہے، انہیں میعاد ختم ہونے سے پہلے پاسپورٹ تبدیل کرانے کی ضرورت نہیں۔
حکام کے مطابق ای پاسپورٹ سسٹم پر منتقلی کا مقصد پاسپورٹ سروسز کو جدید بنانا ہے۔ اس اقدام سے سفری دستاویزات کی حفاظت اور استعداد کار کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔


