اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فٹبال روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے امور پر بات چیت ہوئی۔
صدر پی ایف ایف محسن گیلانی نے فٹبال روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور دوستانہ میچز کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
محسن گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کرنا مشترکہ ترجیح ہونی چاہیے۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے دوستی کے فروغ میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ فٹبال عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور خیرسگالی کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ نوجوانوں میں فٹبال کی مقبولیت دونوں ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔


