کراچی (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ میں سہراب گوٹھ سے لاپتہ شہری عبداللہ کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شہری عبداللہ تھانہ ایس آئی یو کے ایک مقدمے میں گرفتار ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عبداللہ کی گمشدگی کا مقدمہ اگست میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق عبداللہ کی گرفتاری ستمبر میں ظاہر کی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کسی شہری کا سراغ ملنے یا گرفتاری ظاہر ہونے سے گمشدگی کے حالات سے متعلق شکایات ختم نہیں ہوجاتیں۔ لاپتہ ہونے اور گرفتاری سے متعلق درخواست گزار کی شکایت الگ نوعیت کی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ لاپتہ شہری کا سراغ ملنے کے بعد درخواست کا بنیادی مقصد پورا ہو گیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ گرفتاری کے حالات سے متعلق شکایت پر پولیس انکوائری کے لیے رجوع کیا جائے۔


