کراچی: (ویب ڈیسک) شہرِ قائد میں گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتے کی رات لگنے والی آگ پر 33 گھنٹوں بعد قابو پا لیا گیا، ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، تہہ خانے تک رسائی ہو گئی، ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے، 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ 60 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کہا ہے کہ افسوسناک واقعہ ہے، اب تک 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی، 18 افراد زخمی ہوئے، ہسپتال میں اب کوئی زخمی زیر علاج نہیں جبکہ 59 سے 60 افراد مسنگ ہیں۔
پولیس چیف نے واضح کیا کہ ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، انتظامیہ نے ہمیں رپورٹ دی اوراس میں کسی کی غفلت پائی گئی تو مقدمے کا اندراج بھی ہوگا، ریسکیو آپریشن احتیاط کے ساتھ کیا جارہا ہے،اختتام کا ٹائم فریم نہیں دیاجاسکتا۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد نے بتایا کہ گل پلازہ میں مرکزی آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا گیا ہے، اور اس وقت کولنگ کا عمل چل رہا ہے، محدود پیمانے پر سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے، ہفتے کی رات کو لگنے والی آگ 33 گھنٹے بھڑکتی رہی۔


