لاہور (صورتِ حال، کرائم رپورٹر) بند روڈ پر غیرقانونی ایل پی جی ریفلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران سول ڈیفنس کی ٹیم پر مبینہ حملے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق سول ڈیفنس کی ٹیم سی ڈی او اشفاق احمد کی سربراہی میں مہر عبداللہ ایل پی جی پوائنٹ پر کارروائی کر رہی تھی، جہاں مبینہ طور پر کھلا پٹرول اور ایل پی جی ریفلنگ کی جا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق غیرقانونی ریفلنگ پمپ ضبط کیے جانے پر دکاندار اور اس کے ساتھی مشتعل ہو گئے اور سرکاری اہلکاروں کو مبینہ طور پر زدوکوب کیا۔
پولیس کے مطابق دکاندار نے گیس کھول کر پائپ اہلکاروں کی جانب کیا اور انہیں گیس سے جلانے کی مبینہ کوشش کی۔ غیرقانونی ایل پی جی ریفلنگ کے معاملے پر تھانہ لوئر مال میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔


