(صورتِ حال، کرائم رپورٹر) پنجاب حکومت نے چار اضلاع میں رینجرز کی خدمات طلب کر لی ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں امن و امان کی صورت حال کے لیے رینجرز کی تعیناتی کا مراسلہ وفاقی وزارت داخلہ کو بھیجا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق رینجرز کے دستے 5 اکتوبر 2026 تک تعینات رہیں گے۔ راولپنڈی میں تین کمپنیوں، اٹک میں پانچ ونگز جبکہ جہلم اور میانوالی میں ایک، ایک کمپنی کی تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے۔
چار اضلاع میں رینجرز کی خدمات طلب کرنے کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے 59ویں اجلاس میں دی گئی۔ ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی میں معاونت کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کیا گیا۔
رینجرز کی تعیناتی آئین پاکستان کے آرٹیکل 245، انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5، اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی دفعات 7(ب) اور 10 کے تحت ہوگی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔


