(شکارپور، کرائم رپورٹر) خانپور میں عمرہ زائرین سے ڈکیتی کے واقعے میں مسلح ڈاکوؤں نے انڈس ہائی وے پر ایک مسافر گاڑی روک کر عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے والے 8 زائرین سمیت مسافروں سے سامان چھین لیا۔
متاثرہ زائرین کے مطابق وہ کراچی سے سعودی عرب روانگی کے لیے جا رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے دن دہاڑے گاڑی روک کر انہیں اسلحے کے زور پر نیچے اتار لیا۔ متاثرین نے مبینہ تشدد کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
متاثرین کے بقول ڈاکو 8 پاسپورٹ، ہوائی جہاز کے ٹکٹ، نقدی، موبائل فون، سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے۔ خانپور میں عمرہ زائرین سے ڈکیتی کے خلاف مسافروں نے انڈس ہائی وے بلاک کردی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ لوٹی گئی رقم، پاسپورٹ اور ٹکٹ واپس دلوائے جائیں تاکہ وہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوسکیں۔


