(صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر عرب جمہوریہ شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق شہباز شریف نے شام کی خودمختاری، اتحاد، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے شامی عوام کے لیے قومی استحکام، قومی یکجہتی، امن اور معاشی بحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور شام کے ساتھ پاکستان کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعاون پر گفتگو ہوئی، جس میں اعلیٰ سطحی روابط، ادارہ جاتی طریقہ کار کو فعال بنانے، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون شامل تھا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے شام کی تعمیر نو اور معاشی بحالی میں کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے عملی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کی تجدید بھی کی۔ فریقین نے آنے والے برسوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔


