کراچی (صورتِ حال، نیوز ڈیسک) میری پہچان پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے قومی یکجہتی اور معاشی استحکام کو موجودہ حالات میں ترجیح دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ، دھرنوں اور احتجاجی سیاست کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی جائے۔
مرکزی کمیٹی کے بیان کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور کشیدگی کے اثرات عالمی معیشت کے ساتھ پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے حالات میں سیاسی محاذ آرائی کے بجائے قومی یکجہتی اور معاشی استحکام کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
کمیٹی نے حکومتوں سے مہنگائی میں کمی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معاشی استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ سیاسی قوتوں پر سیاسی برداشت، مکالمے اور آئینی و جمہوری راستوں کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سیاسی کشیدگی اور احتجاجی سرگرمیوں سے گریز کرتے ہوئے قومی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ تنظیم نے اپنے مؤقف ’’پہلے ریاست، بعد میں سیاست‘‘ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا استحکام، ترقی اور خوشحالی سیاسی سرگرمیوں کا محور ہونا چاہیے۔
مرکزی کمیٹی نے سیاسی جماعتوں سے اختلافات کے باوجود قومی مفاد، ریاستی استحکام اور عوامی فلاح کے معاملات پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی اپیل کی۔


