نیویارک (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ میں تقریباً اسی ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیے میں آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اعلامیے میں خطے میں مسلسل حملوں اور بین الاقوامی تجارت میں خلل ڈالنے پر ایران اور اس کے اتحادی حوثیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ میں بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے مشترکہ بیان پڑھ کر سنایا۔ بیان میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز میں ایران کے اقدامات بین الاقوامی سلامتی اور جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کے لیے مسلسل خطرہ ہیں۔ اس مشترکہ بیان کی حمایت خلیجی عرب ریاستوں اور بڑی مغربی طاقتوں نے کی ہے۔ مزید برآں، اعلامیے میں یمن کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حوثیوں کے فیصلوں اور سعودی عرب پر حملوں کی پرزور مذمت کی گئی۔


