کراچی (صورتِ حال، نیوز ڈیسک) پاکستانی فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان نے نیویارک فیشن ویک میں پاکستان کی نمائندگی کے بعد ایک ٹی وی انٹرویو میں اپنے جم کے ملبوسات سے متعلق سوالات پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ حال ہی میں میزبان نادیہ خان نے ایک برانڈ کی چیف ایگزیکٹو پریشے عدنان کا انٹرویو کیا جس میں جم کلیکشن سے متعلق سوال بھی کیا گیا تھا۔
میزبان نے سوال کیا تھا کہ کیا ان کے والدین جم کلیکشن کے نسبتاً بولڈ ڈیزائنز پر رضامند ہیں؟ پریشے عدنان نے جواب دیا کہ انہیں ہمیشہ اپنے والدین کی مکمل حمایت حاصل رہی ہے۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اپنے کام کی نمائندگی کے بعد وطن واپسی پر ان سے جم کے ملبوسات اور سوشل میڈیا پر فٹنس ویڈیوز سے متعلق سوالات کیے گئے، جسے انہوں نے نامناسب قرار دیا۔
پریشے عدنان کے مؤقف پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے، جبکہ اداکار یاسر حسین نے بھی انٹرویو میں سوالات کے انتخاب پر تنقید کی ہے۔ یاد رہے کہ پریشے عدنان نے حال ہی میں نیویارک فیشن ویک میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جہاں ان کے کام اور پاکستانی ثقافت کی عکاسی کو نمایاں کیا گیا تھا۔


