ریاض (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں نیشنل سینٹر فار پرائیویٹائزیشن نے وزرا کونسل کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے نجکاری کے لیے منتخب کیے گئے شعبوں میں ملازمین اور کارکنوں سے متعلق قواعد میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ کی قرارداد نمبر 318 کے حوالے سے سرکاری گزٹ ام القری نے تفصیلات جاری کی ہیں جن میں قوانین اور انتظامات کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ نجکاری کے شعبوں کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ کس طرح کیا جائے گا۔ نئی ترامیم میں کہا گیا ہے کہ ملازمت کی مدت کو تبدیلی یا ٹرانسفر کے بعد مسلسل مدت تصور کیا جائے گا اور اسے منقطع نہیں سمجھا جائے گا۔ اس قانون کا اطلاق ملازمت کے اختتام اور باقی ماندہ چھٹیوں پر بھی کیا جائے گا۔ مالی ذمہ داریاں سابق اور نئی انتظامیہ کے درمیان تقسیم ہوں گی جبکہ سابق ادارہ ملازم کی منتقلی سے قبل کی مدت کے واجبات ادا کرے گا۔ نئی انتظامیہ منتقلی کے بعد کی مدت کے مالی امور کی ذمہ دار ہوگی اور ملازمین کے مالی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام واجبات کا حساب آخری تنخواہ کی بنیاد پر دیا جائے گا۔


