لاہور (بیورو رپورٹ) سسٹین ایبل کیمسٹری لیب کے قیام کے لیے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور لمز کے محققین نے برطانیہ کی رائل سوسائٹی آف کیمسٹری سے دس ہزار پاؤنڈز کی گرانٹ جیت لی ہے۔ یہ پراجیکٹ رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کی 2026 کی گرانٹس کے لیے دنیا بھر سے منتخب کیے گئے محض 23 منصوبوں میں شامل ہے۔ اس جدید منصوبے کی قیادت انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل سائنسز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف اور لمز کے پی ایچ ڈی ریسرچر حسن یعقوب کر رہے ہیں۔ سسٹین ایبل کیمسٹری لیب جی سی یو میں قائم کی جائے گی جس کا بنیادی مقصد روایتی لیبارٹریوں سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کو روکنا ہے۔ اس لیب میں جدید مائیکرو ڈسٹلیشن نظام کے تحت استعمال شدہ سالوینٹس اور کیمیکلز کو صاف کر کے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جائے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر چوہدری نے اس عالمی پذیرائی پر ریسرچ ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعہ کی ترجیح ایسی تحقیق کا فروغ ہے جس کے معاشرے اور ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں۔


