کوٹلی (بیورو رپورٹ) وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ صرف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کافی نہیں بلکہ ان کی بروقت تکمیل، معیار اور مؤثر مانیٹرنگ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام کوٹلی میں منعقدہ ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کیا۔
جلسے میں وزیراعظم کے خطاب کا مرکز حکومت کا سو روزہ پروگرام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا تھا۔
وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران انفراسٹرکچر بالخصوص سڑکوں کے شعبے میں کوئی بڑا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ موجودہ حکومت جامع منصوبہ بندی، واضح ترجیحات اور مقررہ ٹائم فریم کے تحت تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کرے گی۔
انہوں نے تعلیم، صحت، گورننس اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
وزیر سیاحت و صنعت چوہدری عبدالرحمن آرائیں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کوٹلی کے بنیادی مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی، ٹریفک کے مسائل اور رنگ روڈ کی تعمیر کوٹلی کی اہم ترین ضرورتیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی استحکام کے ایجنڈے پر مکمل عمل پیرا ہے۔
وزیر مال و بحالیات راجہ محمد ریاست خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے تعمیر و ترقی کا عمل جاری رکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جائے گی اور عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔
انہوں نے پاک فوج کو قوم کی ریڈ لائن قرار دیا اور کارکنوں کے مسائل کے حل کا عزم ظاہر کیا۔


