سرگودھا (نیوز ڈیسک) سرگودھا میں اسلحہ کلچر کے خلاف جاری مہم کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سرگودھا میں اسلحہ کلچر کے خاتمے کی مہم کے سلسلے میں تھانہ عطا شہید پولیس نے ملزم محسن طارق کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بارہ بور بندوق برآمد کی۔
تھانہ ساہیوال پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کیا جن میں ملزم قاسم کے قبضے سے تیس بور پسٹل اور ملزم عرفان کے قبضے سے بھی تیس بور پسٹل برآمد ہوا۔ تھانہ ترکھانوالہ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ملزم ذیشان کے قبضے سے بتیس بور پسٹل اور ملزم منور کے قبضے سے بارہ بور رائفل برآمد کی۔
پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر توقیر محمد نعیم کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے، اس کی نمائش اور ہوائی فائرنگ سمیت اسلحہ کلچر کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


