لاہور (این این آئی) کوڑا ٹیکس کی وصولی یقینی بنانے کے لیے شہریوں پر نئی شرائط عائد کر دی گئی ہیں۔ کوڑا ٹیکس کی ادائیگی تک این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
قبل ازیں یہ این او سی صرف پراپرٹی ٹیکس کی کلیئرنس تک محدود تھا۔ کوڑا ٹیکس کی وصولی کا ٹاسک ملنے کے بعد محکمہ ایکسائز نے سینی ٹیشن فیس کی ادائیگی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق پچاس لاکھ سے زائد پراپرٹیز سے بیاسی ارب روپے سے زائد کی وصولیاں کی جانی ہیں۔ رواں سال کوڑا ٹیکس کی مد میں چالیس ارب جبکہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں بیالیس ارب روپے سے زائد وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق نئے فیصلے پر عملدرآمد رواں ماہ سے شروع کر دیا جائے گا۔


