لاہور (بیورو رپورٹ، ڈیسک) لاہور میں جعلی میڈیکل بلنگ سروس کی آڑ میں قائم غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 38 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور زون عاطف امیر کی نگرانی میں کی گئی۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی کال سینٹر سے اہم شواہد اور سامان قبضے میں لے لیا گیا، جن میں 24 کمپیوٹر، 7 لیپ ٹاپ اور 42 موبائل فون شامل ہیں۔ حکام کے مطابق اس دوران تین گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کال سینٹر سے بین الاقوامی شہریوں سے رابطے کیے جاتے تھے۔ ملزمان مبینہ طور پر غیر ملکی شہریوں کو جعلی پیشکشوں کے ذریعے نشانہ بناتے تھے۔
ملزمان شہریوں سے ذاتی، مالی اور کارڈز سے متعلق معلومات حاصل کرتے تھے۔ حکام کے مطابق قبضے میں لیے گئے شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔


