بیورو رپورٹ (لاہور ڈیسک) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ریاست مخالف پروپیگنڈے اور جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے خصوصی یونٹس قائم کردیے ہیں۔ سائبر سپیس کی نگرانی کے لیے تمام ریجنز میں سائبر پٹرولنگ یونٹس بھی فعال کردیے گئے ہیں۔
یہ بات این سی سی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ادارے کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے پنجاب کے تمام سرکلز کا پانچ روزہ دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے رپورٹنگ سینٹرز، تھانوں اور دفاتر کا معائنہ کیا۔
ڈی جی این سی سی آئی اے نے پانچ سو سے زائد شکایت کنندگان سے براہ راست ملاقاتیں بھی کیں۔
ڈی جی این سی سی آئی اے نے ہدایت کی کہ شکایات کے اندراج اور تصدیق کا نظام مزید عوام دوست بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔
میرٹ اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
دورے کے دوران زیر التوا شکایات، تفتیشی برانچ، شکایتی سیل اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی نے افسران کو مقدمات کے بروقت نمٹانے اور شفاف تحقیقات کی ہدایات جاری کیں۔


