اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے گلگت بلتستان کے عوام کو یومِ آزادی کی مبارک باد دی ہے۔ حریت رہنماؤں نے کہا ہے کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے بیان میں کہا کہ یکم نومبر 1947ء کو عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی۔ رہنماؤں نے کہا کہ یہ دن عوام کی بہادری اور پاکستان سے وابستگی کی علامت ہے۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سید اعجاز رحمانی، زاہد صفی، زاہد اشرف، شیخ یعقوب، شیخ عبدالمتین، محمد شفیع ڈار اور مشتاق احمد بٹ نے بھی الگ الگ بیانات جاری کیے ہیں۔


