سرینگر (انٹرنیشنل ڈیسک) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سرینگر سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ یہ خطہ بدستور دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جمائو والا علاقہ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سول سوسائٹی کے ارکان نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں کی بڑی تعداد نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
ارکان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر 27 اکتوبر 1947ء سے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے اور کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے 10 لاکھ سے زائد فوجی تعینات ہیں۔ سول سوسائٹی کے ارکان نے کہا کہ بھارت فوجیوں کی موجودگی سے جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک پُرامن سیاسی تحریک چلا رہے ہیں اور بھارتی حکومت فوجی طاقت سے انہیں زیر نہیں کر سکتی۔ بیان میں سوال اٹھایا گیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے پر آخر کب تک خاموش رہے گی۔


