کراچی (این این آئی) — کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایات پر نجی اسکولوں کو حفاظتی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ اسکول وینز میں غیر محفوظ طریقے سے پیٹرول کی فراہمی پر پابندی ہے۔ بوتلوں اور کین کے ذریعے گاڑیوں کے انجن کو پیٹرول فراہم کرنا خطرناک ہے۔
اسکول وینز میں مقررہ گنجائش سے زائد طلبہ کو بٹھانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ طلبہ کو وین کے فٹ بورڈ پر کھڑا کر کے سفر کرانے پر پابندی ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق اسکول ٹرانسپورٹ کے لیے صوبائی حکومت کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ فٹنس سرٹیفکیٹ کی کاپی گاڑی میں موجود ہونا بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔
حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ تمام حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔


