فائل فوٹو
میرپورخاص (این این آئی) سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی میرپورخاص میں گیس کے ممکنہ بحران نے شہریوں کی مشکلات میں اضافے کا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے گھریلو صارفین کو موسمِ سرما کے دوران روزانہ 16 گھنٹے تک گیس کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم کے مجوزہ ونٹر گیس مینجمنٹ پلان کے تحت گھریلو صارفین کو روزانہ صرف 8 گھنٹے گیس فراہم کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ اس دوران ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی جبکہ باقی 16 گھنٹوں کے دوران سپلائی معطل رہے گی۔
گیس کی طویل بندش کے باعث شہریوں کو کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی سلنڈروں پر انحصار کرنا پڑے گا جس سے مہنگائی کے مارے عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سلنڈر مافیا کی من مانیوں کے باعث صارفین پہلے ہی مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔
شہری حلقوں کے مطابق کم پریشر والے علاقوں میں 8 گھنٹے کی محدود فراہمی سے بھی خاطر خواہ فائدہ اٹھانا مشکل ہوگا۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ موسمِ سرما میں گیس کی مناسب فراہمی یقینی بنائی جائے اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔


