فائل فوٹو
کالا شاہ کاکو (این این آئی) مریدکے کے علاقے حدوکے قلعہ مسیتا میں گھر کے اندر گیس سلنڈر لیک ہونے کے باعث دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں دو منزلہ عمارت منہدم ہو گئی اور ماں اور تین کمسن بچوں سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔
دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اردگرد کے گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو ملبے سے نکالا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے منتقل کر دیا گیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں مہک زوجہ فرخ اور ان کے تین کمسن بچے 13 سالہ آیت فاطمہ، 8 سالہ عالیاں فرخ اور 5 سالہ علی ثمر فرخ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 25 سالہ عنبرین ولد الیاس بھی زخمی افراد میں شامل ہیں۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے پانچوں افراد کی حالت تشویشناک قرار دی۔
ڈاکٹروں نے تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے فوری طور پر لاہور ریفر کر دیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت سے قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے جس کی زد میں آ کر ایک پڑوسی خاتون بھی زخمی ہوئی۔
انتظامیہ واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔


