اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے ٹینڈرنگ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سینیٹر احد چیمہ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مراکز کے قیام اور توسیع کے ماڈلز کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے دونوں خطوں کے چیف سیکریٹریز کو ٹینڈرنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس مقصد کے لیے درکار فنڈز فراہم کرے گی۔
اجلاس میں ورچوئلی شریک چیف سیکریٹریز نے ٹینڈرنگ کا عمل شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے پر زور دیا۔
اجلاس میں مراکز کی توسیع کے لیے مختلف انتظامی ماڈلز کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں ہائبرڈ ماڈل، مکمل نجی ماڈل اور حکومتی انتظام کے تحت مراکز چلانے کا ماڈل شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے ان ماڈلز کے حوالے سے فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرکے تجاویز وزیراعظم کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔


