اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام سرکاری حج اسکیم کے تحت دوسری قسط کی وصولی شروع ہو گئی ہے۔ سرکاری عازمین حج اپنی دوسری قسط پانچ سے بیس اکتوبر تک جمع کرا سکیں گے۔
دوسری قسط کی ادائیگی پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے کی جائے گی۔ قسط جمع کرانے سے پہلے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل حج پورٹل پر ہی اپ لوڈ ہو گا۔ مقررہ تاریخ یعنی بیس اکتوبر تک دوسری قسط جمع نہ کرانے کی صورت میں حج درخواست منسوخ تصور ہوگی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ درخواست منسوخ ہونے کی صورت میں پہلے سے جمع شدہ واجبات متعلقہ اکاؤنٹ میں واپس کر دیے جائیں گے۔


