کراچی (بیورو رپورٹ) صومالیہ واقعے میں جاں بحق پاکستانیوں کے جسدِ خاکی اور زخمی ہم وطنوں کی وطن واپسی پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس کربناک سانحے پر غمزدہ ہے اور ہم جاں بحق پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صومالیہ سانحے کی ابتدا سے نگرانی کی اور متاثرہ خاندانوں کیلئے فی خاندان ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے مالی معاونت کا اعلان کیا۔
گورنر سندھ نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری محمود احمد انصاری کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور بچوں کے تمام تعلیمی و صحت کے اخراجات حکومت کی جانب سے اٹھانے کا اعادہ کیا۔


