لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر کارروائی کے دوران معروف شاپنگ مال اور مصالحہ یونٹ بند کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران گیارہ سو کلو تیار مصالحے اور مشینری ضبط جبکہ فنگس زدہ سرخ مرچ تلف کر دی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے مطابق معروف ڈیپارٹمنٹل سٹور میں موجود امپورٹڈ اشیاء غیر منظور شدہ پائی گئیں۔ ذمہ داران انتہائی لازم ریکارڈ اور ضروری دستاویزات پیش نہ کر سکے۔
مصالحہ جات یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے، اشیاء کی پراڈکٹ رجسٹریشن اور لیبل منظور شدہ نہ تھے۔ ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی نامکمل پائے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے حکم پر پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ خوراک میں ملاوٹ اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔


