سری نگر (نیوز ڈیسک) نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری اجے کمار سدھوترا نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت نے اگست 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے جموں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عوام سیاسی حقوق سے محروم ہو گئے۔
اجے سدھوترا نے کہا کہ ریاستی حیثیت کی عدم بحالی اور دوہرے نظام نے حکمرانی اور ترقی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اگست 2019 سے قبل کی حیثیت بحال کرانے کا پورا حق حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منتخب حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان اختیارات کی تقسیم سے ذمہ داری کا تعین مشکل ہو گیا ہے۔ نیشنل کانفرنس آئینی ذرائع سے مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔


