اسلام آباد (این این آئی) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک ہونے والے ایم ٹی آنر 25 کے پاکستانی عملے کے باقی 3 ارکان کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
پیر کو ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ بازیاب ہونے والے ارکان میں عمران علی، محمد یاسین اور سید حسین یوسف شامل ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ تینوں ارکان کو جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم کے ہمراہ ادیس ابابا کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
یہ ارکان ایتھوپین ایئرلائنز کی پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے 7 اکتوبر کو پاکستان روانہ ہوں گے۔ اسحاق ڈار نے عملے کی رہائی میں معاونت پر صومالیہ کی حکومت اور یورپی یونین نیول فورس کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بحری قزاقی کے خلاف جنگ اور بحری راستوں کی سلامتی کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔


