سرینگر (مقبوضہ کشمیر، انٹرنیشنل ڈیسک) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے مقبوضہ کشمیر میں محاصروں، چھاپوں، گرفتاریوں اور شہریوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ پارٹی ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے کہا ہے کہ طاقت اور جبر کے ذریعے خطے میں دیرپا امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔
ترجمان نے کہا کہ پائیدار امن صرف کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے تصفیے سے ممکن ہے۔ انہوں نے شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، مسرت عالم بٹ اور آسیہ اندرابی سمیت ہزاروں سیاسی قیدیوں کی طویل قید کا حوالہ دیا۔
ڈی ایف پی نے اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیں۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری قیدیوں کی رہائی اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے اقدامات کرے۔


