سری نگر (نیوز ڈیسک) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکام نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کشمیری نظربندوں کو ضلع کٹھوعہ کی نئی ہائی سکیورٹی جیل منتقل کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ نئی جیل میں نظربندوں کی نقل و حرکت اور مواصلات پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کٹھوعہ کے علاقے مہان پور ڈمبرا میں زیر تعمیر جیل تقریبا مکمل ہو چکی ہے جہاں چھ سو قیدیوں کی گنجائش ہے۔ جیل میں قید تنہائی کے لیے خصوصی سیل بھی بنائے گئے ہیں اور بھارتی وزیر داخلہ کے اس کے افتتاح کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں کوٹ بھلوال اور سرینگر سمیت دیگر جیلوں سے بعض کشمیری قیدیوں کو اس نئی جیل میں منتقل کیا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد قیدیوں کا دیگر افراد اور الیکٹرانک ڈیوائسز تک رسائی کو محدود کرنا ہے۔
اس جیل میں جدید نگرانی کا نظام نصب کیا گیا ہے جبکہ سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس نے جیل کی سکیورٹی سنبھال لی ہے۔ انسانی حقوق کے گروپوں نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے استعمال اور نظربندوں کے بنیادی حقوق پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔


