پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پختون خوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمیشہ کہتا ہوں ناچنے والے گھوڑے میدان میں نہیں دوڑتے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کو چلانے والا ہی بھگوڑا ہے اور علی امین گنڈاپور کی بھاگنے کی عادت پرانی ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں کارکن آگے اور خود پیچھے ہوتے ہیں جبکہ علی امین گنڈاپور ٹول پلازا سے واپس جاتے ہوئے دفعہ 144 کا بہانہ بنا رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 144 ڈی آئی خان کے مخصوص علاقوں میں مخصوص اوقات کے لیے نافذ تھی یارک ٹول پلازا پر نہیں۔
گورنر نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اپنے ہی کارکنوں کو بے وقوف بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی۔


